حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ مدرسین قم کے رکن اور مرکز فقہی ائمہ اطہار علیہم السلام کے سربراہ آیت اللہ فاضل لنکرانی نے قم ریڈیو و ٹیلی ویژن کے ڈائریکٹر جنرل حجۃ الاسلام والمسلمین طوسی سے ملاقات کے دوران کہا کہ قم کو دیگر شہروں سے ممتاز حیثیت حاصل ہے، کیونکہ یہ عالم تشیع کے حوزاتِ علمیہ کا مرکز، دینی معارف کی تولید کا اہم ترین سرچشمہ اور انقلابِ اسلامی کی جائے پیدائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی میڈیا کو چاہیے کہ وہ ’’اسلام اور حکومت‘‘ جیسے بنیادی موضوعات کو سنجیدگی سے اجاگر کرے اور اس حوالے سے معیاری پروگرام تیار کرے۔ ان کے مطابق یہ مسئلہ امام خمینیؒ کی فکری میراث کا اہم ستون ہے اور نئی نسل تک اس کی درست تفہیم پہنچانا ضروری ہے۔
آیت اللہ فاضل لنکرانی نے دینی و معرفتی پروگراموں کی تیاری میں حوزۂ علمیہ کے علما اور اساتذہ کی زیادہ سے زیادہ شمولیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حجاب، طہارتِ قلب اور اسلامی تعلیمات کے بنیادی مباحث جیسے موضوعات کو بھی میڈیا میں مناسب انداز سے پیش کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے قومی اور صوبائی ٹیلیویژن کی خدمات، خصوصاً جنگ کے دوران اس کے کردار کو سراہتے ہوئے متعلقہ ذمہ داران کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر حجۃ الاسلام والمسلمین طوسی نے ادارے کی سرگرمیوں پر مشتمل ایک رپورٹ پیش کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ صدا و سیما دینی اور فکری مواد کی تیاری میں حوزۂ علمیہ کی علمی صلاحیتوں اور استعداد سے مزید استفادہ کرے گا۔









آپ کا تبصرہ